تحریک انصاف کا وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات پر قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقاتوں پر بھرپور قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی لیگل کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات سمیت دیگر قانونی معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی نے شہباز شریف کی نواز شریف اور اسحاق ڈار سے لندن میں ملاقات پر بھرپور قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔ اس موقع پر شہباز گِل پر زیرِحراست تشدد کے مقدمے کو بھی منطقی انجام تک پہنچانے کی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کے دورہ لندن کی تفصیلات نہایت تشویشناک ہیں، تحریک انصاف اس ملاقات کو عدالت کے سامنے رکھے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حصولِ انصاف کیلئے قوم کی امیدیں عدالتِ عظمی سے جڑی ہیں۔