اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا76 واں اجلاس 21 ستمبر سے نیویارک میں ہو گا، جو 27 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اعلیٰ سطح کے اس اجلاس میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سمیت عالمی رہنمائوں کی ایک بڑی تعداد خطاب کرے گی ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس گزشتہ سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث ورچوئل منعقد ہوا تھا لیکن رواں سال یہ اجلاس ہائبرڈ ۔ان پرسن۔ ورچوئل فارمیٹ کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے یعنی اس اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندے خود شریک ہوں گے جبکہ بعض ورچوئل شرکت کریں گے جس میں 83 سربراہان مملکت ، 43 وزرائے اعظم ، 3 نائب وزیراعظم اور 23 وزرائے خارجہ جنرل اسمبلی سے ذاتی طور پر خطاب کریں گے۔امریکی صدر جو بائیڈن ، اردن کے شاہ عبداللہ اور ترکی ، برازیل ، وینزویلا اور فلسطین کے صدور کے علاوہ برطانیہ ، جاپان اور بھارت کے وزرائے اعظم ان رہنمائوں میں شامل ہوں گے جو اپنے ملک کی طرف سے خطاب کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں موجود ہوں گے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 25 ستمبر کو خطاب کریں گے جبکہ کنٹرول لائن کے آر پار اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری نریندر مودی کے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب پر احتجاج کریں گے۔