چار ملکی ’’مشترکہ منزل 2021ئ‘‘ فوجی مشقوں کا انعقاد
اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت ’’مشترکہ منزل 2021ئ‘‘ فوجی مشقیں چین میں ہوئیں جن میں پاکستان، چین، منگولیا اور تھائی لینڈ کے فوجی دستوں نے شرکت کی اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشقیں چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کے کیوشان ٹریننگ بیس پر ہوئیں۔ شرکاء نے پاکستانی دستے کی شاندار مہارت کو زبردست سراہا اور پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں وسیع البنیاد شراکت کی تعریف کی۔
وطن عزیز میں امن و امان کے مسائل ہوں، ملکی سرحدوںکے دفاع کا معاملہ ہو یا اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شراکت داری ہو، پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ کارہائے نمایاں سرانجام دے کر ملک وقوم کیلئے قابل فخر تاریخ رقم کی ہے۔ وطن عزیز سمیت دنیا کے کسی بھی کونے میں امن مشن ہو، خون جما دینے والی سردی ہو یا چربی پگھلا دینے والے گرم موسم کی شدت ہو پاکستان کے یہ مایہ ناز سپوت ہمیشہ پہریداری کا فریضہ نبھاتے ہوئے یہ غازی اور پراسرار بندے داد شجاعت دیتے نظر آئیں گے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت فوجی مشقوں کا انعقاد کسی بھی ملک کی میزبانی میں ہو، پاکستان کے فوجی جوان سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے پاکستان کے بنائے روایتی سامان حرب کے ساتھ جب بھی میدان میں اترتے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو شرکاء بھی داد دینے میں بخل نہیں کرتے جیسا گزشتہ روز چین میں ہونے والی چار ملکی ’’مشترکہ منزل 2021ئ‘‘ فوجی مشقوں کے دوران پاکستانی دستوں کی مہارت پر خراج تحسین پیش کیا گیا جو یقیناً پاکستان کی عسکری قیادت کی شبانہ روز جدوجہد اور خداداد صلاحیتوں کو بھرپور بروئے کار لانے کے ہی مرہون منت ہے۔ پوری قوم کو جہاں اپنے سپوتوںاور جوانوں پر فخر ہے وہیں ملت پاکستان اپنی عسکری قیادت کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے۔