وی آئی پی پروٹوکول ختم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم عمران خان نے ملکی ہوائی اڈوں پر بڑھتے ہوئے وی آئی پی پروٹوکول پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سرکاری افسروں اور نجی افراد کو پروٹوکول دینے کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔ موجودہ حکومت نے برسراقتدار آنے سے قبل جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک یہ بھی تھا کہ ملک سے وی آئی پی کلچر ختم کیا جائے گا، عوام بھی وی آئی پی پروٹوکول کلچر سے بیزار آچکے ہیں۔ کسی وی آئی پی موومنٹ سے گھنٹوں قبل سڑکیں بلاک کردی جاتی ہیں۔ عوام سڑکوں پر خوار ہوتے ہیں، مریض ایمبولینسوں میں دم توڑ دیتے ہیں لیکن کسی کو احساس تک نہیں ہوتا ۔صرف اعلیٰ شخصیات ہی نہیں بلکہ عام وزیر ، مشیراور سرکاری و نجی شخصیات بھی اس پروٹوکول کے مزے لوٹتی ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ موجودہ حکومت نے برسراقتدار آنے کے بعد اپنے دعوئوں اور وعدوں کے برعکس وی آئی پی پروٹوکول کلچر کو برقرار رکھا۔ عوام اپنے موجودہ حکمرانوں سے توقع رکھتے تھے کہ وہ ان کی سہولت کی خاطر اس کلچر سے جان چھڑائیں گے مگر ایسی کوئی صورت نظر نہیںآئی۔ اب تو وزیراعظم نے بھی اس سلسلے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری افسروں اور نجی افراد کو وی آئی پی پروٹوکول دینے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ اب ان کی ہدایت پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو اس کلچر اور آئے روز سڑکیں بلاک ہونے کے عذاب سے نجات مل سکے۔ اس طرح تحریک انصاف حکومت کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا اور وزیراعظم کا ایک انتخابی وعدہ بھی پورا ہو جائے گا۔