علم کا مینارہ ڈاکٹر حسن صہیب مراد
مکرمی! ڈاکٹر حسن صہیب مراد وہ روشن ستارہ تھے کہ جن کی علم دوستی کی بدولت آج ہزاروں خاندانوں کے چشم و چراغ سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر علوم میں روشن ستاروں کی مانند ہر سو پھیلے ہوئے ہیں۔ڈاکٹر حسن صہیب مراد اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ وہ چلتے پھرتے حسن سلوک،رواداری ،ہنستے مسکراتے لوگوں کیلئے دل میں درد رکھنے والے اور ان کے مدد گار تھے۔ان کی وفات کے بعد دنیا کو معلوم ہوا کہ وہ ہزاروںلوگوں کے کفیل تھے۔ ڈاکٹر حسن صہیب مراد اپنے زمانہ طالبعلمی میں اپنی زندگی کے مشن کو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیرکے ذریعے رضائے الہی کے حصول کے سپرد کر چکے تھے انہوں نے علمی میدان میں دن دگنی رات چگنی محنت کی اور آئی ایل ایم سے شروع ہونے والے ادارے کو یو ایم ٹی کی صورت میں پروان چڑھایا اور آج پاکستان میں یہ تعلیمی ادارہ گراں قدر قومی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹر حسن صہیب مراد کی رحلت کے بعد اب ان کے جانشین محمدابراہیم مراد کے پاس یو ایم ٹی کی باگ ڈور ہے۔ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر حسن صہیب مراد کی مغفرت کرے۔ہم محمد ابراہیم مرادکے لیے دعا گو ہیں کہ وہ اپنے والد کا مشن بھرپور طریقے سے جاری رکھیں۔
(چوہدری فرحان شوکت ہنجرا،لاہور)