اسلام آباد: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کچھ دیر بعد شروع ہوگی جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف بھی ویڈیو لنک سے شرکت کریں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی اے پی سی کی میزبانی کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری، شیری رحمان اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی پہنچ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم نوازشریف لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شرکت کریں گے۔
شہبازشریف کی قیادت میں ن لیگ کا وفد اے پی سی میں شرکت کیلئے پہنچ گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں جے یوآئی کا وفد بھی اے پی سی میں شرکت کیلئے پہنچ چکا ہے۔ جے یو آئی کے وفد میں عبدالغفور حیدری، اکرم درانی اور کامران مرتضیٰ بھی شامل ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے وفد میں مریم نواز، مریم اورنگزیب، شاہد خاقان عباسی اور امیرمقام بھی شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں، خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق، پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ بھی شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اے پی سی سے قبل پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت نے مشاورت کی ہے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے ملاقات میں نیئر بخاری اور شیری رحمان بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمان بھی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے مشاورت میں شریک تھے۔ اہم ملاقات میں اے پی سی کے ایجنڈے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت مخالف احتجاجی تحریک اور اسلام آباد بند کرنے کی تجویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی وزیراعظم، اسپیکر اسد قیصر اور وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی خواہش مند ہے۔
مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اے پی سی کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں سے بھی رابطے کیے ہیں۔
آل پارٹیز کانفرنس سے قبل پیپلزپارٹی کے وفد نے ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی ہے جس میں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
نیشنل پارٹی بلوچستان کا وفدڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی قیادت میں شریک ہوگا۔ پی کے میپ کا وفد محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اے پی سی میں شریک ہوگا۔ عوامی نیشنل پارٹی کا وفد میاں افتخار کی قیادت میں شریک ہوگا۔ بی این پی مینگل کا وفد بھی اے پی سی میں شریک ہوگا۔
قومی وطن پارٹی کا وفد آفتاب احمد شیر پاؤ کی قیادت میں شریک ہوگا۔ جماعت اہلحدیث کا وفد سینیٹر ساجد میر کی قیادت میں شرکت کرے گا۔ جے یو پی کا وفد شاہ اویس نورانی اور بی این پی عوامی کا وفد اسرار اللہ زہری کی قیادت میں شریک ہوگا۔