حکومت کی دو سالہ کارکردگی
عمران خان نے 22 سال قوم کو کرپشن کے خاتمے اور لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کا خواب دکھایا۔ قوم سمجھی ک کرپشن کے خاتمے کی صورت میں پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی جس سے عام آدمی بھی خوشحال ہو جائے گا یہی وجہ تھی کہ عام آدمی نے پی ٹی آئی قیادت سے بہت سی توقعات باندھ لیں۔ پی ٹی آئی کا دعویٰ تھا کہ ان کے پاس ملک چلانے ‘ غربت کے خاتمے اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے باصلاحیت ٹیم موجود ہے مگر اب پی ٹی آئی کو اقتدار میں آئے دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے اس عرصے میں معاشی تبدیلی کے کہیں آثار نظر نہیں آرہے۔ سچ یہ ہے کہ آج مہنگائی نے عام آدمی کا جینا حرام کر رکھا ہے اور بیروزگاری دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ نوجوانوں نے پی ٹی آئی کا ساتھ اس لئے دیا تھا کہ ان کیلئے روزگار کے دروازے کھلیں گے مگر آج بھی لکھے پڑھے نوجوان بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ان دو سالوں میں حزب اختلاف نے بھی بیروزگاری کے خاتمے اور مہنگائی کے خلاف اپنا جمہوری کردار ادا نہیں کیا۔ حکمرانوں کا یہ بیانیہ کہ کسی کو بھی این آر او نہیں ملے گا سر آنکھوں پر مگر عام آدمی کی تو مہنگائی سے جان چھڑوا دی جائے وہ جو معاشی استحکام کیلئے انڈے، مرغی اور بچھڑے کی سکیمیں تھیں ان کا بھی کہیں اتا پتہ نہیں۔ کہنے کو ہمارے حکمرانوں نے خارجہ محاذ پر مودی سرکار کے دانت کھٹے کر دئیے ہیں ان کی سفارتی کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے اور مودی سرکار کا پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا خواب پورا نہیں ہونے دیا۔ ہمارے حکمرانوں کا یہ بھی خیال ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بنیا کے عزائم اور کردار کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی یہاں تک کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کئی مرتبہ مسئلہ کشمیر زیر بحث لایا چکا ہے مگر سچ یہ بھی ہے کہ بھارت پر اتنا بھی عالمی دباؤ نہیں پڑا کہ کشمیریوں پر ہونے والا ظلم کا سلسلہ ہی رک جاتا۔
کون نہیں جانتا کشمیری 13 ماہ سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔ مودی سرکار ظلم کی انتہا کر کے کشمیریوں کو جھکنے پر مجبور کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے اس ماہ محرم میں بھی کشمیری شہید کیے گئے اور ماتمی جلوسوں پر پیلٹ گن سے حملہ کر کے درجنوں کشمیریوں کی آنکھوں کو نقصان پہنچایا گیا جن میں سے10 کشمیری تو مکمل طورپر بینائی سے محروم ہو گئے۔ اس لئے پاکستانی حکومت کی تگ و دو کو بے ثمر ہی کہا جا سکتا ہے۔ البتہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے سلسلے میں پاکستانی حکومت کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ کیونکہ اس وباء پر پاکستان میں تقریباً قابو پایا چکا ہے۔ پاکستان کے مقابلے میں ہندوستان کا حال کسی سے ڈھکا چھپا نہیں وہاں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں عروج پر ہیں۔ سچ یہ بھی ہے کہ بھارت نے نہتے بے گناہ کشمیریوں پر ظلم کیا آج انہیں بھی لاک ڈاؤن کے عذاب سے گزرنا پڑا ہے جو قدرت کی طرف سے مودی سرکار کو سزا دی گئی ہے ۔