بھارتی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں اہم ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو خط لکھ کر مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔ بھارتی حکومت نے دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پاکستانی وزیراعظم کی درخواست پر کی گئی ہے جس کے لیے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو خط لکھا تھا۔بھارتی وزرات خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے مزید کہا کہ فی الحال ملاقات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ملاقات کے ایجنڈے سے متعلق بھی جلد میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا تاہم اس ملاقات کو بھارتی پالیسیوں کی تبدیلی سے تعبیر نہ کیا جائے۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں بھارت کی پاکستان کے حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور نا ہی اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات بحال ہونے جا رہے ہیں۔کرتار پور کوریڈور کھولنے کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔رویش کمار کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران اس معاملے کو اٹھائیں گی۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج 24 ستمبر کو نیویارک پہنچ رہی ہیں اور شاہ محمود قریشی بھی روانہ ہورہے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دوپہر کے کھانے پر ہوگی۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مودی کو لکھے گئے خط میں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ قبل ازیں عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں بھی خطے کے امن اور ترقی کے لیے بھارت کی جانب ایک قدم آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔اپنے خط میں عمران خان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی بھی خواہش کا اظہار کیا تھا۔خط میں واضح کیا گیا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خطے میں دہشت گردی کے مسائل پر بھی بات کرنے کے لیے تیار ہے۔جولائی میں عام انتخابات میں فتح کے بعد عوام سے اپنے پہلے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ وہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، لیکن انہیں بھارتی میڈیا میں اس طرح دکھایا جاتا ہے جیسا کہ وہ کسی فلم کے سب سے برے کردار ہیں۔وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں یقین دلایا تھا کہ تعلقات کو بہتر بنانے میں اگر بھارت ایک قدم اٹھائے گا تو پاکستان اس سمت میں 2 قدم اٹھائے گا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024