افغانستان: جھڑپ میں 16 طالبان ہلاک
کابل +کوہاٹ(این این آئی) افغان صوبہ قندہار میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے مابین شدیدجھڑپ میں 16طالبان اور 4 افغان فوجی سمیت 20 افرادجاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا نے مقامی پولیس سربراہ عبدالرازق کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ شب مسلح طالبان نے صوبہ قندہار کے ضلع شورابک میں افغان سیکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چار افغان فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس سربراہ کے مطابق افغان فوج نے جوابی کاروئی کی جس کے دوران 16طالبان ہلاک اور14 دیگر زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے جھڑپ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا۔ ادھر سرحدپار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ اورزگان کے صدرمقام ترین کوٹ میں ایک گھر پر مارٹرگولہ گرکر زوردھماکہ سے پھٹ گیا جس کے باعث ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق افراد میں تین خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔