جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے: اختر ملک
ملتان ( نامہ نگار خصوصی ) صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے عزم کا بھرپور اظہار کرنا ہوگا کیونکہ یہ تجدید عہد کا دن ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں قربانی ، امن اور سلامتی کا پیغام دیتا ہے اور اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے ہم امن کی خاطر اپنے ایمان اور صولوں کا سودا نہیں کرسکتے ہم اپنے مفادات ، خون اور اولاد کی قربانی تو دے سکتے ہیں لیکن قیام امن کے لئے اپنے ضمیر اور ایمان کا سودا نہیں کرسکتے ان خیالات کا اظہارانہوں نے خیر العمل کونسل پاکستان کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے تعاون سے پریس کلب کے جناح ہال میں منعقدہ بسلسلہ شہادت امام عالی مقام اتحاد بین المسلمین امن کانفرنس میں خطاب کرتے ہو ئے کیااس موقع پر درگاہ حضرت مولانا حامد علی خان کے سجادہ نشین صاجزادہ قاری احمد میاں خان نقشبندی نے دعا کرائی جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی ندیم قریشی، سبین گل ، جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلی علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، قاری عبد الغفار نقشبندی،متحدہ علماء کونسل کے صدر علامہ عبد الحق مجاہد و دیگر نے شرکت کی۔دریں اثناء سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورہ کے ماتمی جلوسوں اور مجالس پر سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے حکومت پنجاب عزا داروں کی سہولت کیلئے روٹس پر تمام ترقیاتی کاموں کو 100 فیصد تک مکمل کر چکی ہے۔