زکریا یونیورسٹی میں 23 ستمبر کو ہونیوالے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات مکمل
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پرمیڈیکل انٹری ٹیسٹ کے شفاف انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کر کے سکیورٹی کے مثالی اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ 23 ستمبر کو ہونے والے میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں 10 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں رجسٹرار زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر عمر چوہدری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ارشد گوپانگ سمیت ضلعی افسران بھی شریک ہوئے ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے لئے یونیورسٹی کے 10 شعبہ جات کی عمارات استعمال کی جائے گی جبکہ ضلعی افسران کی نگرانی میں سوالیہ پرچوں کی ترسیل اور تقسیم یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی پرچہ آؤٹ نہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے بیٹھنے کے لئے سایہ دار انتظار گاہیں اور پانی کا انتظام بھی کیا جائے گا جبکہ تمام امتحانی مراکز میں میڈیکل کیمپ اور ایمبولینس سروس بھی موجود ہو گی۔ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک کے حکم پر سی ای او ہیلتھ نے ڈاکٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر شہباز شریف ہسپتال کے ڈاکٹر محمد فاروق‘ ڈاکٹر ناز اختر ‘ڈاکٹر عبیداللہ ‘ڈاکٹر کاشف شاہ‘ ڈاکٹر ناضلہ عروج‘ ڈاکٹر شگفتہ جبیں‘ ڈاکٹر عظمیٰ یعقوب‘ ڈاکٹر عمران مشتاق‘ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں قائم ہونے والے میڈیکل کیمپ میں ڈیوٹیاں دیں گے ای سی جی مشین سمیت ضروری طبی آلات میڈیکل کیمپ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی طرف سے فراہم کئے جائیں گے۔