ایشین گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب‘ ٹیموں کا مارچ پاسٹ‘ آتش بازی کا مظاہرہ

انچیون (سپورٹس ڈیسک) 17ویں ایشین گیمز جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں شروع ہو گئیں۔ گذشتہ روز رنگارنگ افتتاحی تقریب ہوئی۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔ پاکستان کے 273 رکنی دستہ نے بھی مارچ پاسٹ میں شرکت کی۔ کوریائی گلوکار پسی اور دیگر فنکاروں نے افتتاحی تقریب میں پرفارم کیا۔ سٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین نے ٹیموں کا استقبال کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور ایشین گیمز کی مشعل بھی روشن کی گئی۔ ایونٹ میں مختلف ممالک کے سربراہوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا جو افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ ایشین گیمز 4 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ تقریب میں کوریاکے صدر پارک گیون پائی اور اولمپک چیف تھامس نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ 45 ممالک کے ایتھلیٹس نے مارچ پاسٹ کیا جنہیں سٹیڈیم میں موجود 60 ہزار شائقین نے خوش آمدید کیا۔ افتتاحی تقریب میں جنوبی کوریا کے کلچر کی عکاسی کی گئی۔ فنکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔ اداکارہ و ماڈل لی پنگ اور گلوکار پسی نے پرفارم کیا۔ تقریب کو 4.5 بلین افراد نے براہِ راست ٹی وی سکرین پر دیکھا۔ اولمپک کونسل آف ایشیا کے صدر شیخ احمد الفہد الصباح نے ایتھلیٹس کو بتایا کہ وہ ان کو دیکھ کر اور استقبل کرکے بہت زیادہ خوش ہیں۔ توقع کرتے ہیں کہ وہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوبصورت مقابلے کریں گے۔ ایتھلیٹس ہی گیمز کی روح و جان ہیں۔ 36 کھیلوں میں 439 سونے کے میڈلز دئیے جائیں گے۔