مسلم لیگ قاف کے رہنما ریاض حسین پیرزادہ نے لاہور میں مسلم لیگ نون کے صدر سے ملاقات کی،اس موقع پر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے دروازے تمام مسلم لیگیوں پر کھلے ہیں اور جو بھی ان کے ایجنڈے سے متفق ہو،اسے خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ترقی کا سفر وہیں سے شروع کرے گی جہاں سے آمر نے یہ سلسلہ توڑاتھا۔میاں نواز شریف نے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت نے ساڑھے چار سالہ دور میں جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کئے ہیں اور آئندہ بھی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ملکی سالمیت اور بقاء کی خاطر تمام لیگی دھڑوں کو نواز شریف کی قیادت میں متحد ہونا پڑے گا۔اس سے پہلے نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ نون کی فیصل آباد، راولپنڈی اور لاہور ڈویژن کی تنظمی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ عام انتخابات میں پارٹی امیدواروں اور ان کی سیاسی پوزیشن کا جائزہ لیا گیا۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024