لندن اولمپکس میں شاٹ پٹ ایونٹ میں خاتون فاتح کھلاڑی ویلاری ایڈمز کو چوالیس روز بعد بالآخر گولڈ میڈل دیدیا گیا۔
آک لینڈ میں اولمپک گولڈمیڈلسٹ کو تمغہ دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نیوزی لینڈ کے گورنرجنرل جیری میٹ پارائے نے طلائی تمغہ پہنایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ویلاری ایڈمز کا کہنا تھا کہ وہ گولڈمیڈل ملنے پر بیحدخوش ہیں اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ لندن اولمپکس کے ویمنزشاٹ پٹ ایونٹ میں بیلاروس کی نادزیا اوسٹاپچک نےکامیابی حاصل کی تھی لیکن ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر ان سے یہ اعزاز واپس لے کر دوسرے نمبرپر رہنے والی نیوزی لینڈ کی ویلاری ایڈمز کو دیا گیا۔ ویلاری ایڈمز کیلئے یہ دوسرا اولمپک گولڈمیڈل ہے، اس سے قبل وہ دوہزار آٹھ میں بھی یہ اعزاز اپنے نام لکھوا چکی ہیں۔