بلدیاتی اور عام انتخابات : الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس 27 ستمبر کو بلا لیا
اسلام آباد (خبر نگار) الیکشن کمشن عام انتخابات کے انعقاد کے لئے 27 ستمبر کو ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد کرے گا جس میں ملک کی تمام بڑی سیاسی پارٹیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اجلاس میں عام انتخابات کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور سیاسی پارٹیوں کے کوڈ آف کنڈکٹ پر روشنی ڈالی جائے گی۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کریں گے۔ الیکشن کمشن کی طرف سے سیکرٹری اشتیاق احمد خان نے پندرہ سیاسی پارٹیوں کو خط لکھا ہے جس میں الیکشن کمشن کی آئینی ذمہ داریاں، سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داریاں اور الیکشن کے بارے میں غلط فہمی پیدا کرنے والے عناصر کی کارروائیوں کو بروقت جانچ کر حکمت عملی بنانے کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ خط کے ذریعے سیاسی پارٹیز کی توجہ ان حالات پر مبذول کرائی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کن مشکل حالات سے گزر رہا ہے اس لئے ملک میں آزادانہ اور شفاف اور مسند انتخابات کا انعقاد ایک اہم ذمہ داری ہے تاکہ اختیارات کی منتقلی کو پرامن بنایا جا سکے۔ ہمیں اس بات کو سمجھنا چاہئے کہ ان حالات میں شفاف الیکشن قوم کے مفاد میں ہے۔ الیکشن کے حوالے سے بدگمانی پیدا کرنے والے عناصر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ملک میں الیکشن کے حوالے سے بدگمانی پھیلانے کے در پے ہیں مگر ان کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمشن کے اقدامات اور صوبائی حکومتوں کے اس حوالے سے الیکشن کروانے کے لئے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ الیکشن کے حوالے سے لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال اور سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔