پیاف فاﺅنڈرز کا لاہور چیمبر کارپوریٹ کلاس کی 7 نشستوں پر کلین سویپ

20 ستمبر 2012

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے کارپوریٹ کلاس کے انتخابات میں پیاف فاﺅنڈرز الائنس نے سات نشستوں پر کلین سویپ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔2120 میں سے 816 کارپوریٹ ممبران نے حقِ رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 8 ووٹ تکنیکی بنیادوں پر مستر کردئیے گئے۔ پیاف فاﺅنڈرز الائنس نے 570پینل ووٹ حاصل کیے اور آزاد پروگریسیو 96 کو پینل ووٹ ملے۔ انفرادی طور پر پیاف فاﺅنڈر الائنس کے میاں طارق رحمن نے 662، فاروق افتخار نے 650، تنویر احمد صوفی نے 642، ابرار احمد نے 638، شمشاد علی نے 638، چودھری افتخار بشیر 635، تشرف جاوید نے 609ووٹ حاصل کیے ۔ آزاد پروگریسیو الائنس کی جانب سے بشیر احمد مغل نے 160، خالد عثمان نے 153، سید سلمان علی نے 151، حافظ محمد شہباز نے 136، مقدس علیم نے 136، افتخار احمد نے 129، احسان اللہ نے 110ووٹ حاصل کئے۔ دوسرے مرحلے میں ایسوسی ایٹ کلاس کی آٹھ نشستوں کے لئے پیاف فاﺅنڈرز الائنس اور آزاد پروگریسیو الائنس کے امیدواروں میں آج پولنگ ہوگی جس میں 6000 ممبران حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابات میں میاں محمد اظہر، ایم این اے پرویز ملک، وفاقی وزیر پانی و بجلی کے صاحبزادے فیصل مختار، شہزادہ عالم منوں، میاں عزیزالرحمٰن چن، سوئی ناردرن گیس کمپنی کے چیئرمین میاں مصباح الرحمٰن، پیاف کے چیئرمین سہیل لاشاری، سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہریار تاثیر ،لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں، شاہد شیخ،میاں محمد اشرف اور سارک چیمبرکے نائب صدر افتخار علی ملک سمیت معروف کاروباری شخصیات نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا۔ لاہور چیمبر کے آئندہ سال کے لئے صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے مطابق فاروق افتخار صدر اور میاں ابوذر نثار نائب صدر ہونگے جبکہ سینئر نائب صدر کا فیصلہ ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔ پیاف فاﺅنڈرز الائنس کے ذرائع کے مطابق عرفان اقبال شیخ کا سینئر نائب صدر بننے کا قوی امکان ہے۔