یوتھ فیسٹیول میں 25 ورلڈ ریکارڈ بنانے کا اعلان

20 ستمبر 2012

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے چیف آرگنائزر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوران پچیس ورلڈ ریکارڈ بنانے کے لیے کوشش کی جائے گی جبکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم آج لاہور پہنچ رہی ہے۔ گنیز بک کی ٹیم پنجاب سپورٹس فیسٹیول کی آفیشل پارٹنر ہے اور اس معاہدے کی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب شام چھ بجے پنجاب سٹیڈیم میں ہوگی ۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے بتایا کہ یوتھ فیسٹیول میں اب تک تیس لاکھ افراد شرکت کرچکے ہیں۔پاکستان کی سپورٹس کی تاریخ میں پہلی بار گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم پاکستان میں اتنے بڑے سپورٹس کے ایونٹ کا جائزہ لے گی اور اسے پانی کتاب کا بھی حصہ بنائے گی۔اب تک پنجاب سپورٹس بورڈ 15 ایونٹس کو شارٹ لسٹ کر چکا ہے جن میں سات گروپ ایونٹ جبکہ آٹھ انفرادی ایونٹس ہیں۔ ان ایونٹس میں سب سے زیادہ بار آرم ریسلنگ، زیادہ لوگ Thumb ریسلنگ چین بنائیں گے،سب سے زیادہ دیر فٹ بال کو اپنے کنٹرول میں رکھنا، سب سے کم وقت میں 50 فٹ بال پاس دینا، دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ بال، سب سے زیادہ مارشل آرٹس ککس، سب سے زیادہ ایک گھنٹے میں مارشل آرٹس ککس، تین منٹ میں سب سے زیادہ مارشل آرٹس ککس، مونچھوں کے ذریعے سب سے زیادہ وزن کھینچا،ایک گھنٹے میں سب سے زیادہ پش اپ لگانا و دیگر ایونٹ شامل ہیں ۔