لیسکو کے بجلی چور عملے سے نجات دلائیں؟

20 ستمبر 2012

مکرمی! ہم روزنامہ نوائے وقت کی وساطت سے چیف ایگزیکٹو لیسکو کی توجہ سب ڈویژن کیولری گراﺅنڈ لاہور کینٹ کے عملے کی زیادتی اور لاپرواہی کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں امید ہے توجہ فرمائیں گے۔ لیسکو سب ڈویژن کیولری گراﺅنڈ کا عملہ خود بجلی چوری کرتا ہے اور لائن لاسز پورے کرنے کیلئے ان شہریوں کو زائد یونٹ ڈال دیتا ہے جو اپنے بل ایمانداری سے ادا کرتے ہیں۔ عملہ بل لیٹ تقسیم کرتا ہے اور آخری تاریخوں میں دفتر سے غائب ہو جاتا ہے تاکہ شہری اپنے بجلی کے بل ٹھیک نہ کرا سکیں۔ ہم چیف ایگزیکٹو لیسکو سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بجلی کی چوری روکیں اور شہریوں کو زائد یونٹ ڈالنے والے عملے کا محاسبہ کریں۔ میٹر ریڈروں کو حکم دیں کہ وہ ہر ماہ کی دس تاریخ کو میٹروں کی ریڈنگ لیا کریں اور 17تاریخ تک بل تقسیم کر دیا کریں تاکہ صارفین مقررہ تاریخ سے پہلے پہلے آسانی سے بل ادا کر سکیں۔ میٹر ریڈروں کو پابند کیا جائے کہ وہ ہر میٹر کے ساتھ کارڈ رکھیں اور ہر ماہ کارڈ پر ریڈنگ لکھ کر آیا کریں تاکہ صارفین کو بھی پتہ چلتا رہے کہ انہوں نے کتنی بجلی استعمال کی ہے۔ عملے کو پابند کریں کہ وہ آفس میں موجود رہا کرے تاکہ صارفین بجلی کے بل غلط ہونے کی صورت میں اپنے بل ٹھیک کرا سکیں۔(دستخط اہالیان: گرین لین سیون سٹریٹ آفیسرز کالونی والٹن روڈ لاہور کینٹ)