جماعت اسلامی میں اختلافات کی خبریںدرست نہیں

20 ستمبر 2012

مکرمی: پاکستان کی سب سے بڑی اور منظم جماعت جس کا اثر دنیا کی بڑی بڑی اسلامی تحریکوں پر پڑا ہے اور آج مصر‘ ترکی‘ مراکش اور دیگر بڑے اسلامی ممالک میں جو اسلامی انقلاب آرہا ہے وہ سب بانی جماعت اسلامی سید ابوالاعلیٰ مودودی کے اسلامی لٹریچر سے متاثر ہو کر ہی لایا گیا ہے۔ لیکن پاکستان میں اس اسلامی تحریک کو توڑنے کی سازش کافی عرصہ سے کی جا رہی ہے۔ لیکن جس نے بھی یہ کوشش کی وہ جماعت اسلامی کو دو بڑے گروپوں میں تقسیم کرنے میں ناکام رہا۔ آج بھی دشمن اپنی سازشوں کے جال بن رہا ہے اور جماعت کے مخلص ارکان اور کارکنان کے حوصلے پست کرنے کے لئے ایسے ایسے حربے استعمال کر رہا ہے کہ محنتی اور ایماندار لوگ جماعت سے دور ہونے لگیں اور مفاد پرست اور ملک میں قابض بڑی جماعتوںکے حامی لوگ جماعت میں اوپر آتے جائیں۔ یہ لوگ کبھی قائدین کے درمیان اختلافات کا شوشہ چھوڑتے ہیں کبھی اتحادوں کی سیاست کے حوالے سے جماعت کے اندر اختلافات کی افواہیں پھیلاتے ہیں۔ لیکن ان کو اپنے مقاصد میں کامیابی نہیں ہو گی اور اس کا نتیجہ انشاءاللہ آئندہ الیکشن میں ضرور سامنے آئے گا۔ اس لئے یہ کہنا کہ جماعت اسلامی کے قائدین کسی بھی مسئلے پر اختلافات کا شکار ہوئے ہیں بالکل غلط بات ہے اس کو جماعت کے خلاف سازش کے علاوہ اور کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
(زاہد رضا خاں لاہور 0321-4389839 )