تعلیمی فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے قابل تقلید اقدامات

20 ستمبر 2012

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ملک بھر کے میٹرک میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میںساڑھے پانچ کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کئے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کیلئے چار سال سے ایسی محفلیں سجا رہی ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کیلئے تعلیم بنیادی اہمیت اور حیثیت رکھتی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں شرح خواندگی مایوس کن ہے اور اس میں بھی پیشہ ورانہ تعلیم کی شرح مزید محدود ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ملک بھر کے ذہین طلبہ و طالبات اور محنتی اساتذہ کیلئے حوصلہ افزائی کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے‘ جس سے طلبہ میں مسابقت کا ایک رجحان سامنے آرہا ہے۔ اساتذہ بھی مزید محنت سے کام لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ کاوش اس لئے بھی خوش آئند ہے کہ وہ پورے ملک کے ذہین طلبہ و طالبات کی انعامات اور سکالر شپ کی صورت میں حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے دانش سکولوں کے اجراءکو بھی قابل تحسین اقدام قرار دیا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ بدستور جاری رہنا چاہیے‘ اسکے ساتھ ساتھ عام سرکاری سکولوں کے مسائل حل کرنا بھی نہایت ضروری ہے۔ تعلیم کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات دیگر صوبائی حکومت کیلئے قابل تقلید ہیں بلکہ وہ پنجاب سے بھی بڑھ کر اقدامات کریں تو یقیناً شرح خواندگی میں اضافہ ہو گا۔