کراچی کی شیریں جناح کالونی میں بس کے قریب دھماکے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جائے حادثہ سے سلنڈر کا کوئی ٹکڑا نہیں ملا، یہ بارودی مواد تھا۔
پولیس کے مطابق بس ٹرمینل کے گیٹ پر دھماکا خیز موجود تھا، پاس سے گزرنے والی بس دھماکے کی زد میں آئی جس سے6 لوگ زخمی ہوئے۔ ادھر بم ڈسپوزل سکواڈ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دھماکے میں ایک کلو کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد میں بال بیرنگ اور دیگر لوہے کی چیزیں ڈالی ہوئی تھیں جسے سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ بس کے قریب دھماکا خیز مواد رکھنے والے کا تعین کر رہے ہیں۔
ادھر آئی جی سندھ مشتاق مہر نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔