اسلام آباد:پاکستان زمبابوے کرکٹ سیریز کے لیے زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، زمبابوے کی ٹیم ایک ہفتے قرنطینہ میں رہے گی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان زمبابوے کرکٹ سیریز کے لیے زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم پرواز ای کے 612 پر دبئی سے اسلام آباد پہنچی۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی سی بی حکام نے زمبابوے کی ٹیم کا استقبال کیا۔ 32 رکنی مہمان اسکواڈ بذریعہ دبئی اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق زمبابوے کی ٹیم ایئرپورٹ سے ہوٹل روانہ ہوگی،جہاں ٹیم کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔ زمبابوے کی ٹیم ایک ہفتے قرنطینہ میں رہے گی۔
حکام نےمزید کہا کہ زمبابوین اسکواڈ 21 سے 27 اکتوبر تک قرنطینہ کی مدت اور پریکٹس کرے گی۔ ایک روزہ سیریز راولپنڈی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ زمبابوے ٹیم 4 نومبر کو لاہور کے لیے روانہ ہوگی، 5 اور 6 نومبرکو زمباوے ٹیم قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی جبکہ پہلاٹی 20میچ 7،دوسرا8 اورتیسرا 10نومبرکولاہورمیں کھیلا جائے گا۔زمبابوے کرکٹ ٹیم 12 نومبر کو واپس ہرارے روانہ ہوگی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔جس کے مطابق نیشنل ٹی 20 میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،اس کے علاوہ عابد علی،بابر اعظم، فخر زمان، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد،امام الحق،خوشدل شاہ، محمد حفیظ،عماد وسیم،محمد نذیر،محمد رضوان،عثمان خالد،محمد موسیٰ ،عثمان قادر،فہیم اشرف،ظفر گوہر،شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض ٹیم میں شامل ہیں۔تاہم بابراعظم ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شعیب ملک، سرفراز احمد اور محمد عامر سکواڈ میں شامل نہیں،محمد رضوان اچھی فارم میں ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو پاکستان میں سیریز کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ذرائع نے پی سی بی کی جانب سے بھیجے گئے دعوت نامے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ای سی بی نے جواب دینے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انگلینڈ کو جنوری میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کی دعوت دی۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انگلش بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے وہ ہر ممکن اقدام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کورونا کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے ای سی بی اپنے کھلاڑیوں کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشورے کے بعد دورہ پاکستان کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔