جامعہ اردو برائے فنون‘ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ترجمان کی وضاحت
کراچی(نیوز رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون،سائنس و ٹیکنالوجی کے ترجمان نے ایک بیان میں گذشتہ چند دن سے ذرائع ابلاغ پر یونیورسٹی کے حوالہ سے شائع ہونے والی خبروں سے متعلق اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کو سینٹ کے 43ویں اجلاس منعقدہ 18 اگست2020 میں 6 ماہ یا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک کے عرصہ کے لیے قائم مقام شیخ الجامعہ کا عہدہ دیا گیا۔ مورخہ 17 ستمبر کو پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کی تقرری کا اعلامیہ جاری ہونے اور ان کی طرف سے قائم مقام شیخ الجامعہ کا چارج سنبھالنے کے دوسرے ہی دن چند ملازمین نے ان کے دفتر میں دھاوا بول دیا اور ان سے انتہائی بدتمیزی سے پیش آتے ہوئے چند مخصوص افراد کو کلیدی عہدوں سے نوازنے اور چند ناپسند افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا غیر قانونی مطالبہ کیا گیااور دھمکی دی گئی کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔