کراچی کو ایکسپورٹ سٹی قراردیا جائے ٗ حافظ نعیم الرحمن
کراچی ( نیوز رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور نارتھ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کا دورہ اورعہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور ممبران نے کراچی ریفرنڈم میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی ایک بڑا انڈسٹریل شہر ہے جس میں صنعتی ادارے ٹیکس کی مد میں خطیر رقم اداکرتے ہیں ،کراچی تمام شہروں سے بڑا ایکسپورٹ سٹی ہے اس لیے کراچی کو ایکسپورٹ سٹی قراردیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں کے بعد انڈسٹریل ایریا کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،صنعتی علاقوں کا انفرانسٹرکچر تباہ ہورہا ہے ، صنعتیں گیس کی عدم فراہمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیںاور پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسائل کے حل کے لیے با اختیار شہری حکومت قائم کی جائے،کراچی کومیگا میٹرو پولیٹن سٹی کا درجہ دیا جائے،وسائل کی درست اور منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی کاموں کو بہتر انداز میں کرنے کے لیے درست مردم شماری کرائی جائے،کوٹہ سسٹم ختم کر کے میرٹ کا نظام وضع کیا جائے،شہر میں ٹرانسپورٹ ،صحت ،سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ،کے الیکٹرک کو فوری طور قومی تحویل میں لے کر 15سال کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔فاروق نعمت اللہ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے حقوق کے حوالے سے آواز اٹھائی ہے۔