سیاسی جماعتیں 12ربیع الاول تک جلسوں کی سیاست ترک کریں : ثروت اعجاز قادری
کراچی ( نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہ سیاسی جماعتیں 12ربیع الاول تک جلسوں کی سیاست ترک کریں ،آقا کریم ﷺ کے یوم ولادت کے ایام میں دورود وسلام کی تقریبات منعقد کریں ،فائونڈر آف پاکستان قائد اعظم کے مزار کو سیاسی اکھاڑہ بنانے اور تقدس پامال کرنیوالوں کے خلاف قانون کو حرکت میں لایا جائے ، سیاسی مفادات کی آڑ میں آئینی اداروں کی تضحیک کسی طور بھی برداشت نہیں کی جائیگی،مزار قائد کے تقدس کو پامال کرنیوالوں نے عوامی مسائل بالخصوص کراچی یا ملک کے کسی بھی شہر کیلئے آواز نہیں اٹھائی، مہنگائی سے عوام پریشان مگرسیاسی جماعتیں مہنگائی پر حکومت کی نظریں مرکوز کرانے کی بجائے آئینی اداروں کا نشانہ بنارہی ہیں ، جمہوریت تو اداروں کا احترام اور سیاسی مخالفین کے سامنے برداشت کا درس دیتی ہے ،عوام کو اداروں کے خلاف اکسانا کسی طور بھی ملک جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے ،عوام کے گھبیر مسائل کے حل اور حکومت کی منفی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا ہر سیاسی ومذہبی جماعت کا حق ہے ،ماہ ربیع الاول مقدس مہینہ ہے اس مہینے میں سرکار دو عالم ﷺ کے یوم ولادت کے طفیل ظلم وجبر اور ناانصافی کے بادل چھٹ گئے ،عوام کو دور جہالت میں ہونیوالی ہزاروں سال پرانی جنگوں سے نجات اور انسانیت کو احترام ملا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں مزار قائد کے تقدس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے سیاسی جماعتوں نے کراچی کو نظرانداز کیا ،کراچی کی ترقی وخوشحالی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ،انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے حکومت پر تعمیر وترقی کیلئے دبائو بڑھایا جاتا مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سیاسی جلسوں کا ایجنڈا عوامی خدمت نہیں کچھ اور ہے ،ملک کو آگے لیکر جانا ہے تو تمام اکائیوں کا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ،عدل وانصاف کے کے بغیر ترقی ممکن نہیں حکومت عدل وانصاف کی فراہمی کو یقینی اور احتساب کے عمل کو شفاف بنائے۔