افتخار شالوانی کی ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی تعیناتی خوش آئند ہے:رضوان خان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد رضوان خان نے کہا ہے کہ بلدیہ کراچی میں اچھے ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی کی تعیناتی افسران کے لئے خوش آئند ہے۔انکی کاوشیں قابل تائید ہیں۔ وہ بتدریج ادارے کو تنزلی سے ترقی پر لا رہے ہیں۔ ریکوریز کی میٹنگ میں افسران میں روح پھونکی ہے جس سے بہتری آئیگی۔ انہوں نے یہ بات مشترکہ دوست سماجی رہنماو صحافی اور ادیب ابرا صدیقی کی جانب سے دی گئی دعوت حلیم میں کہی۔ جس میں دیگر عہدیدار کووا کراچی عبدالحفیظ انصاری، عبدالمنان قائم خانی، کاشف خان، خرم، شکیل احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ اپنے خلاف چلنے والی میڈیا مہم پر انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میں ہتک عزت کاکیس داخل کردیا ہے۔جلد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ اپنے پورے خاندان کو خود سمیت احتساب کے لئے پیش کرسکتا ہوں۔ نہ جائیدادیں ہیں نہ نامی نہ بے نامی اثاثے۔کروڑوں کی زمینیں بچانے پر فخر ہے جنہیں کوڑیوں کے مول فلاحی سے کمرشل کرانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔ لیکن سرکار کی امانت محفوظ رکھی۔ چیئرمین اینٹی کرپشن، صوبائی وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، سیکریٹری بلدیات سب کو حقائق سے آگاہ کردیا تھا۔ 21اگست 2020کو چیئرمین اینٹی کرپشن سے فوری کاروائی کی درخواست دی۔ کئی ریمائنڈر بھیجے ہیں۔ اسی کی سزا پر یکم ستمبر کو پرانی تاریخ میں جعلی آرڈر بنا کر ایک ایسے متنازعہ افسر کو لگا دیا گیا جو دو دفعہ کا سزا یافتہ ہے۔ اورنگی کے متعلق جعلی کرپشن کی خبریں چلانے والے یہ بھول جاتے ہیں کہ اورنگی کا ریونیو ٹارگٹ گزشتہ پانچ سال میں اسی کروڑ رہا ہے۔تو چائنا کٹنگ کا شور مچانے والے بتائیں اربوں کہاں ہیں؟