حکومت مخالف تحریک حکومت کے خاتمہ پر ہی ختم ہو گی:لیاقت بلوچ
ملتان ( سپیشل رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت مخالف تحریک حکومت کے خاتمہ پر ہی ختم ہو گی۔ آئین میں حکومت کی تبدیلی اور خاتمہ کے تمام ذرائع موجود ہیں۔ عمران خان حکومت نااہل ، ناکام اور عوام دشمن ہے۔ جو حکمران غرور ، تکبر ، گھمنڈ کا شکار ہوں ، خوف خدا اور جوابدہی کا احساس ہی نہ ہو تو ملک بڑے بحرانوں سے دوچار ہوتے ہیں۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر ، پیداوار ی لاگت ناقابل برداشت ہو گئی ہے۔ زراعت ، صنعت ، تجارت کا پہیہ جام اور افراتفری کا شکار ہے۔ ریاستی ادارے اور سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ نااہل اور ناکام حکومتو ں کا زیادہ دیر سہارا نہیں بنتی۔ اس بحران کا حل جمہوری قوتیں خود نکال لیں وگرنہ تیسر ی قوت ہمیشہ کی طرح اپنا کھیل کھیلے گیا۔جماعت اسلامی ظلم و جبراور عوام دشمن نظام کے خاتمے کے لیے مسلمہ ملک گیر اپوزیشن پارٹی ہے۔نظام مصطفیٰ ،اسلامی معاشی نظام کے قیام اور مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی مفادات سے بالاتحریک چلائے گی۔ عوام کو قائل کریں گے کہ آزمائے مہروں کو مسترد کریں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کی ملک گیر منظم ، بااعتماد اور امانت و دیانت کے پیکر کارکنان کی طاقت پر اعتماد کریں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ افواج پاکستان قومی ادارہ ہے۔ افسروں ، جوانوں کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے قربانیاں قابل فخر ہیں۔ تنازعہ اور اختلاف صرف یہ ہے کہ ریاستی ادارے قومی سیاسی انتخابی محاذ کو نہ سنبھالیں اور نہ ہی انتخابی نتائج کو کنٹرول کریں۔