جرائم کم کرنے کیلئے فیلڈ فورس کو وسائل فراہم کردیئے:اے آئی جی
ملتان( کرائم رپورٹر )ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاریوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے جرائم کی شرح کم کرنے کیلئے فیلڈ فورس کو مکمل اختیارات اور وسائل فراہم کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے,ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب اوروفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آپریشنز جنوبی پنجاب سید غضنفر علی شاہ بھی موجود تھے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے واضح کیا کہ شہریوں کی پولیس سے متعلق شکایات بہترین سروس ڈیلویری کے ذریعے کم کی جائیں اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ چارج سنبھالتے ہی انہوں نے عدالتی مفرروں اور منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے احکامات جاری کئے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود انکی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں تمام اضلاع میں ون ونڈو قائم کی گئی ہے اور شھداء کے ورثاء کی مکمل کفالت بھی کی جارہی ہے۔