دینی جماعتوں کا یک نکاتی اتحاد قوم کے حالات بدل سکتا ہے:میاںاجمل قادری
خانیوال ( نمائندہ نوائے وقت )اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے منظم ومربوط جدوجہد کی ضرورت ہے،دینی جماعتوں کا یک نکاتی اتحاد قوم کے حالات کارخ بدل سکتا ہے، اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے مسلم حکمران غیروں کی طرف دیکھنے کی بجائے اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے قدم بڑہائیں،وزیراعظم زبانی جمع خرچ سے کام لینے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائیں، جمہوریت کی بحالی کا نعرہ لگانے والے پہلے جمہوریت کی بدحالی کے ذمہ داروں کا تعین کریں، اپوزیشن میں عوام کی محبت کا دم بھرنے والے اقتدار میں آکر عوام کو بھول جاتے ہیں، پی پی، ن لیگ نے قوم کو بار بار مایوس کیا،موجودہ حکومت بھی انہی کے طرز عمل کو اپنائے ہوئے ہے، ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت علماء اسلام کے سرپرست اعلی مولانا ڈاکٹر میاں محمد اجمل قادری نے اسلامک ریسرچ سنٹر میں مرکزی جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اپنے حالیہ بیانات میں اپنے ہی کردار کی نفی کر رہے ہیں، جنرل جیلانی اور جنرل ضیاء الحق کو اپنا باپ قرار دینے والے، ان کے کندھوں پر سوار ہوکر پنجاب کی وزارت خزانہ سے لے کر وزارت علیا اور عظمی تک پہنچنے والے کس منہ سے افواج پاکستان پر تنقید کر رہے ہیں، ، مرکزی جمعیت علماء اسلام پنجاب کے امیر مولانا پیر محمد حسن ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں تو نظریاتی سرحدوں کی حفاظت علماء کے ذمہ ہے، افواج پاکستان کے ساتھ مل کر وطن عزیز کا دفاع کریں گے، اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، خانقاہ مالکیہ نقشبندیہ کے سجادہ نشین مولانا خواجہ محمد عبدالماجد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم مکمل ضابطہ حیات ہے ہمیں قرآن وسنت سے راہنمائی حاصل کرنی چاہئے اور قرآن و سنت کے نفاذ کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنی چاہئے، کانفرنس سے مرکزی جمعیت علماء اسلام کے ڈپٹی سیکرٹری مفتی ریاض جمیل، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا پیر عبدالرب امجد، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مفتی خالد محمود ازھر، صوبائی رابطہ سیکرٹری علامہ عبدالحفیظ کھوکھر، میاں عرفان الحق قادری، مولانا عبدالمجید انور، مولانا شوکت علی فیض، مولانا مظہر حسین کاظمی، ودیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔