گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کیلئے کمیٹی قائم برآمدی سیکٹر کو بجلی گیس ایل پی جی پر سبسڈی کی منظوری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں وفاقی وزراء فخر امام‘ عمر ایوب‘ اسد عمر‘ خسرو بختیار اور معاون خصوصی ندیم بابر شامل ہوں گے۔ تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر فخر امام کی سربراہی میں قائم کمیٹی گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کے لئے تجاویز تیار کرے گی۔ ای سی سی نے برآمدی سیکٹر کیلئے بجلی‘ ایل این جی اور گیس پر سبسڈی دینے کی بھی اصولی منظوری دیدی۔ زیرو ریٹڈ سیکٹر کو سبسڈی طریقہ کار کے تحت فراہم کی جائے گی جبکہ ایف بی آر کو پانچ برآمدی سیکٹرز میں نئے مینوفیکچررز کی شمولیت کی بھی اجازت دیدی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ کی زیرصدارت ہوا۔ ذرائع کے مطاب ڈی اے پی کھاد پر سبسڈی کا اعلان جلد ہو گا۔