قیام امن کیلئے فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے:غلام حیدر
بھٹ شاہ(نامہ نگار’ عید میلاد النبیؐ عقیدت و احترام سے منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کاؤنسل ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالمجید زہرانی، اسسٹنٹ کمشنر ہالا تیمور میمن، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد زاہد جونیجو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یار محمد کھوسو، سوشل ویلفیئر کے رفیق جمالی سمیت حیسکو، ایجوکیشن، پبلک ہیلتھ، ٹاؤن انتظامیہ کے عملداروں کے علاوہ مذہبی علماء کرام سید محفوظ علی شاہ، حافظ بشارت احمد میمن، حافظ عبدالجبار، حافظ خان محمد، عبدالقادر بلالی، عبدالرزاق میمن و دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو نے اجلاس میں کہا کہ ہم سب کو اپنی سوچ تبدیل کرنی پڑے گی اور ہر مذہب اور ہر فرقے کی عزت کرنا لازم ہے جس کا درس ہمارا دین بھی دیتا ہے۔ انہوں نے علماء کرام کو اپیل کی کہ وہ فرقہ واریت کو ختم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور نفرت انگیز تقاریر کرنے سے گریز کریں تاکہ معاشرے میں محبت، امن، بھائی چارہ اور رواداری کوفروغ دیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے مزید کہا کہ ضلع اور تعلقہ سطح پر اسکولز میں حمد، نعت، قرآت اور سیرت کوئیز کے مقابلے منعقد کرائیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی سیکریٹریٹ اور ایس پی آفیس کے علاوہ سرکاری عمارتوں، اسکولز اور مین روڈ کے راستوں پر برقی قمقموں سے چراغاں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے محکمہ صحت کے عملداروں کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں نکلنے والی ریلیوں میں ایمبولنسز، ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حیسکو انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور خاص طور پر رات کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مساجد اور دیگر مقامات پر ہونے والے اسلامی پروگرامز میں شرکت کرنے والے افراد کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے ضلع کے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں شہروں اور خاص طور پر مذہبی جلوسوں کی گذرگاہوں پر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کئے جائیں، اسٹریٹ لائیٹس لگانے کے ساتھ ساتھ اگر کسی جگہ یا راستوں پر پانی کھڑا ہے تو کی نکاسی کا فوری طور پر بندوست کیا جائے۔