ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شمولیت کیلئے بلڈرز کو ریلیف فراہم کررہے ہیں:محمودالرشید
لاہور(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ (پھاٹا)کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ہاؤسنگ ندیم محبوب،سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ لیاقت علی چٹھہ،ڈی جی پھاٹا محمد آصف،جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب اور دیگر بورڈ ممبران شریک ہوئے۔ ڈی جی پھاٹا نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جبکہ مختلف اضلاع میں پھاٹا کے زیر انتظام ترقیاتی سکیموں کی منظوری کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پھاٹا میں ڈویلپرز اور بلڈرز کی رہائشی سکیموں کی منظوری کا عمل ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شمولیت کے لئے بلڈرز اور ڈویلپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر پیش رفت جاری ہے جبکہ ہاؤسنگ سے متعلق پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہیں۔