کراچی جلسہ ناکام، ترقی، امن و سکون کے پیچھے وردی ہے: فیاض چوہان
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کراچی جلسے اور مزار قائد کی افسوسناک بے حرمتی کے حوالے سے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاسی لکی ایرانی سرکس کا دوسرا شو بھی پہلے کی طرح فلاپ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس عمر میں زرداری اور شریف خاندان کے سپوت قومی خزانے سے لوٹے گئے اربوں روپے اڑا رہے تھے، 15 اکتوبر کو اسی عمر میں وزیرستان میں پاک فوج کے کپتان عمر فاروق نے اپنی جان اس ملک کے لیے قربان کر دی۔ ایک طرف پاک فوج قوم کے تحفظ اور آرام و سکون کی خاطر قربانیاں دے رہی ہے اور دوسری طرف سلطان مفرور الدین ارطغرل ملک دشمن طاقتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنی فوج پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے فوج اور ملک مخالف بیانیے کے باعث مکس اچار پارٹی میں دراڑ پڑی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت بھی پاک فوج اور پاکستان کی عوام کے مضبوط رشتے کو ختم نہیں کر سکتی۔ پاکستان میں اس وقت قائم اندرونی و بیرونی امن و سکون، مذہبی آزادی و ہم آہنگی، اور ترقی و خوشحالی کے پیچھے بھی وردی ہے۔