وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے جھوٹا دعویٰ کر کے بالا کوٹ پر حملہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بالا کوٹ حملے سے متعلق بھارتی جھوٹ دنیا میں بے نقاب ہوا، دنیا نے دیکھا کہ بھارت پہاڑیوں پر بم برسا کر کچھ درختوں کو نقصان پہنچا کر بھاگ گیا تھا۔شاہ محمود کا کہنا ہے کہ آج بھی اگر بھارت کوئی دعویٰ کر رہا ہے تو عالمی میڈیا آئے اور حقیقت دیکھ لے، ہندوستان کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی، جبکہ ہم نے ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات ایسے ہیں جن سے وہ خطے کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، بھارت دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے حالات دیکھنے نہیں دے رہا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ کشمیری بھارت سے بغاوت کر چکے ہیں اور اس سے نالاں ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ہم ان کے شکر گزار ہیں، حالانکہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی پوری کوشش کی۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024