مغربی کنارہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی زخمی، حضرت یوسف کے مزار پر دھاوا، بے حرمتی
نابلس(صباح نیوز)مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں نابلس کے مشرقی علاقے میں قابض اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد51 فلسطینی زخمی ہوگئے۔فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق امدادی کارکنوں اور تنظیم کے عملے نے نابلس میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ اسرائیلی فوج کی آتشیں اسلحہ سے بھی براہ راست فائرنگ سے 3 زخمی ہوئے۔ 14 ربڑ کی گولیاں لگنے اور 34 آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ اسرائیلی فوج نے نابلس شہر کے مشرقی علاقے میں دھاوا بولا۔ قبل ازیں اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پردھاوا بولا اور مذہبی مقام میں تلمودی تعلیمات کے مطابق رسومات ادا کیں۔قابض فوج کی کمک علاقے میں پہنچی اورفلسطینی جوانوں کے ساتھ جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ اس دوران ان فورسز نے گولیوں اور گیس کے بموں سے فائر کیا جس کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں باب السلسلہ کے سامنے چار فلسطینی خواتین نمازیوں کو گرفتار کر لیا۔