امریکہ، برطانیہ تنازعہ کشمیر کا نوٹس لیں، تارکین وطن کی تنظیموں کا مطالبہ
لندن (آن لائن) برطانیہ اور یورپ میں موجود تارکین وطن اور ان کی بڑی تنظیموں نے تنازعہ کشمیر پر برطانیہ اور امریکہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا دیرینہ مطالبہ دہرایا، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ، جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے صدر ممتاز حریت پسند کشمیری مجاہد اور سیا سی و سماجی شخصیت الطاف احمد بٹ، آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئر مین عبدالرشید ترابی کے اعزاز میں برسٹل سٹی برسٹل (PAB) اور برسٹل کشمیر فائونڈیشن ( bkf) نے ایک تقریب کا اہتمام برسٹل کمیونٹی ہال میں کیا۔ سینکڑوں کشمیری، پاکستانیوں سمیت برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ مجاہد الطاف احمد بٹ نے کہا ہمیں یقین ہے کہ مودی سرکار کیخلاف دنیا کا ریفرنڈم ہونے والاہے، پاکستان اور اسکی عوام کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، ہمیں برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کی کشمیر میں دلچسپی سے یہ یقین ہو چلا ہے کہ برطانیہ کشمیر پر فیصلہ کن کردار ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عشق پاکستان سے ہے اور پاکستانی کشمیر سے عشق کرتے ہیں، اس عشق کا ملاپ جلد ہونیوالا ہے، ہمارے بزرگ سید علی گیلانی، آپا آسیہ اندرابی، یاسین ملک ، ظفر اکبر بٹ ، میر واعظ عمر فاروق نے نہ جھکنے والی روایت اب تک قائم رکھی ہوئی ہے، کشمیر میں ہر بچہ بڑا، بزرگ اپنے آپ میں پاکستان ہے، تقریب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد نے بھی خطاب کیا ، تحریک انصاف کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، برسٹل کے میئر ٹام ادیتیا، مقامی کونسلر ٹم باس،خاتون امید واربرائے ممبر برطانیہ پارلیمنٹ، چیئر مین پاکستانی ایسو سی ایشن برسٹل آفتاب فیروز، چیئرمین BKFرائوف ملک، راجہ سکندر خان اور مقامی کونسلرز شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔