تبدیلی میں مزید تبدیلی ناگزیر وزراء بدلنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا: سراج الحق
لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی میں اب مزید تبدیلی ناگزیر ہے۔ قوم کاسمیٹک تبدیلی کی بجائے حقیقی تبدیلی چاہتی ہے۔ چند وزراء کی تبدیلی مسئلے کا حل نہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کو مکافات عمل کا سامنا ہے۔ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ جب ترقی کا پہیہ الٹا گھومتا ہے تو حکومتوں کی الٹی گنتی شروع ہوجاتی ہے۔ گلا سڑا فرسودہ نظام دکھوں کا مداوہ نہیں کرسکتا۔ خالی نعروں اور پھیکی سیاست سے غریب کا پیٹ نہیں بھرتا۔ طلبہ مستقبل کی قیادت ہیں،خود کو تیار کرنے کیلئے انہیں لائبریریاں اور لیبارٹریاں آباد کرنا ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے مختلف سطح کے ذمہ داران کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الھدیٰ صدیقی بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت اپنے خلاف احتجاج کے اعلان ہی سے حواس باختہ ہوگئی ہے۔ حکومت نے آج تک سوائے جھوٹے وعدوں اور خوشنما نعروں کے کچھ نہیں کیا۔ عوام حکومت سے خائف، ہمدردیاں نفرتوں اور تعلق لاتعلقی میں بدل رہے ہیں۔ سبزباغ دکھانے والوں کو دن میں تارے دکھائی دینے لگے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت مدارس میں ریفارمز کی باتیں کرتی ہے مگر مدارس میں پڑھنے والے لاکھوں طلبہ کو ایک پیسہ دینے کو تیار نہیں۔ حکومت کی سرکاری تعلیمی اداروں پر بھی کوئی توجہ نہیں، ہائر ایجو کیشن اور یونیورسٹیوں کے بجٹ میں کمی کردی گئی ہے۔ تعلیمی بجٹ میں کمی سے غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم سے محروم ہوگئے ہیں۔