مہنگائی کا نوٹس لینے نہیں عمران کے استعفیٰ سے ملک چلے گا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے آپ کی نالائقی اور نااہلی کا نوٹس لے لیا ہے، اب آپ کے گھبرانے کا وقت ہوگیا ہے۔ آپ کی اپنی نالائقی، نااہلی، معاشی پلان اور وژن کی عدم موجودگی ملک میں مہنگائی و معاشی تباہی کی اصل وجوہات ہیں۔ مہنگائی کا الزام پہلے نوازشریف پر اور اب صوبوں پر ڈالنے سے آپ کی نالائقی ونا اہلی نہیں چھپ سکتی۔ عمران خان ملک کو نواز شریف اور شہباز شریف کے حوالے کریں ،معیشت ٹھیک ہو جائے گی،نوجوان کو روزگار ملنا شروع ہو جائے گا،مہنگائی 3 فیصد سے کم پہ آ جائے گی ،ترقی کی شرح5.8 فیصد پہ پہنچ جائے گی، عوام ٹیکس دینا شروع کردیں گے۔ مہنگائی پر نوٹس لینے کے بجائے سلیکٹڈ نالائق اور نااہل وزیراعظم استعفی دیں۔ عمران صاحب آپ آج استعفی دیں معیشت کل خودبخود سنبھل جائے گی۔ نوٹس لینے سے نہیں صرف آپ کے استعفے دینے سے ہی ملک چلے گا۔ سرمایہ کاری کا فقدان آپ پر عدم اعتماد ہے۔ ملک آپ کی نالائقی اور نااہلی کامزید متحمل نہیں ہوسکتا۔