لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بسوں کو بحال کیا جائے
مکرمی! میں آپکے موقر روزنامہ کی وساطت سے حکومت پنجاب لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی (L.T.C) کے ارباب اختیار و اعلیٰ حکام کی توجہ چند مندرجہ ذیل اہم امور کی جانب دلانا چاہتا ہوں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں چلنے والے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے شہری اور بین اضلاعی روٹس پر چلنے والی بسوں کو کوئی معقول وجہ بتائے بغیر بند کر دیا گیا ہے اور جن روٹس پر بسیں چل رہی ہیں انکے بارے میں یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ ان روٹس پر چلنے والی بسوں کو بھی جلدازجلد بند کیا جا رہا ہے۔ ڈیڑھ کروڑ سے زائد آباد والے لاہور شہر کے رہائشیوں اور عوام الناس کو اس شدید مہنگائی کے دور میں سستی ٹرانسپورٹ سے محروم کرنا کسی طور پر بھی مناسب بات نہیں ہے اور عوام الناس اور شہریوں کو آٹورکشہ اور موٹر سائیکل رکشہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ یہ شہریوں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے میری حکومت پنجاب، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی (L.T.C) کے ارباب اختیار و اعلیٰ حکام سے گذارش ہے کہ وہ فوری طور پر اور ہنگامی بنیادوں پر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے بعد کیئے جانیوالے روٹس کو بحال کریں۔ سفر کی بہترین اور اچھی سہولتیں حاصل کرنا تمام شہریوں کا بنیادی حق ہے اور انہیں اس حق سے کسی طور پر بھی محروم نہیں کیا جا سکتا۔ (شہزاد احمد شیخ، گلشن لاہور ہاؤسنگ سکیم سوترمل سٹاپ جی ٹی روڈ لاہور)