پاکستان میں درخت لگانے کی اشد ضرورت ہے،ڈا کٹر عمر
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) حکومت پنجاب کی صاف اور سرسبز پنجاب مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر عمر جہانگیرکی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے راولپنڈی اور اسکی تحصیلوں میں بھرپور صفائی آپریشن جاری ہے راولپنڈی میں نالے نالیوں کی صفائی کی جارہی ہے شہر کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کر کے ورکرز کی اضافی نفری کیساتھ صفائی آپریشن زور و شور کیساتھ جاری ہے،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر رضوان علی شیردل و دیگر آپریشنل سٹاف اس صفائی آپریشن کی نگرانی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ایم ڈی ڈاکٹر رضوان علی شیر دل نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صفائی کا معائنہ کیا اور ورکرز کے کام کو سراہا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صاف ستھرے ماحول کیساتھ ساتھ صاف آب و ہوا کا ہونابھی انتہائی ضروری ہے،ہم لاکھ اپنے گھروں کو صاف ستھرا کر لیں اگراردگرد کا ماحول اور آب و ہوا صاف ستھری نہیں تو ہماری اس صفائی کا ہمارے سمیت کسی کو کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہا صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کی بہتری کیلئے درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ماحول کو صاف رکھنے اور تازہ ہوا کیلئے درخت انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔پاکستان میں بڑی تعداد میں درخت لگانے کی ضرورت ہے،اور اس حوالے سے ملک کے ہر شہری کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہونگی ۔ہر شہری ایک بھی پودا لگائے تو کروڑوں کی تعداد میں درخت لگ جائینگے،اپنی آئندہ آنیوالی نسلوں کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب پاکستان دینے کیلئے ہر ایک پاکستانی آج سے ہی پودے لگانے کا عزم کرے۔ انہوں نے کہا صحت مند معاشرے کیلئے صفائی کیساتھ صاف ستھری آب و ہوا بھی بہت ضروری ہے،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے کلین اینڈ گرین پاکستان اینڈ پنجاب کے ویژن پر بھرپور عملدرامد کیلئے کوشاں ہے۔