حکومت ٹیکسٹائل شعبہ کو تباہی سے بچانے کیلئے اقدامات کرے، شاہد رشید بٹ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پاکستانی برامدات کا انحصارمشکلات سے دوچار ٹیکسٹائل کی صنعت پر ہے جسے اب نئے خطرات کا سامنا ہے۔ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو پہلے ہی بھارت، بنگلہ دیش، ویتنام اور تھائی لینڈسے سخت مسابقت کا سامنا ہے جبکہ اب چین بھی پاکستانی سرحد کے قریب سنکیانگ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے ایک میگا ٹیکسٹائل پراسسنگ اور ایکسپورٹ زون بنا رہا ہے جس سے پاکستانی صنعت کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ توانائی کی قیمت بڑھائی جا رہی ہے جبکہ مرکزی بینک بھی اپنی پالیسی کے زریعے قرضوں کا حصول مزید مشکل بنا رہا ہے۔حکومت سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے اور شہری علاقوں میں سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والے شعبے کو بچانے کے لئے اقدامات کرے۔