صحت اور تعلیم کے مسائل
مکر می :صحت اور تعلیم دونوں انسان کی بنیادی ضرورت ہے کیونکہ صحت کے بغیر انسانی زندگی کا تصور ممکن نہیں اور تعلیم ایسا ہتھیار ہے جس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا لیکن بدقمستی سے اس وقت پاکستان میں جہاں دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں وہاں پر صحت اور تعلیم دونوں کی اہمیت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے چونکہ پاکستان کا شمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے اور یہاں کی زیادہ تر آبادی دیہات میں رہائش پذیر ہے اور دیہات میں بہتر طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگ شہروں کی طرف رخ کرتے ہیں۔ پاکستان میں بے غربت ہونے کی وجہ سے یہ لوگ پرائیویٹ ہسپتالوں میں اپنا علاج نہیں کروا سکتے اور سرکاری ہسپتال کی صورتحال یہ ہے کہ ایک بستر پر تین تین مریض ہوتے ہیں اور ہسپتال میں آئے ہوئے مریضوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جاتا ہے۔ حکومت سے درخواست کہ خدارا ان سرکاری ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے۔ انسانیت کا درد رکھنے والے ڈاکٹروں کو مریضوں کے علاج پر مامور کیا جائے۔ جو لوگ دوائیں نہیں خرید سکتے ان کو حکومت مفت دوائیں فراہم کرے۔ اس کے علاوہ ان ہسپتالوں کو وہ تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں جس سے انسانی زندگی کو بچایا جا سکے۔ پاکستان میں غربت کی وجہ سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو کہ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں ان کی حالت زار ہی ایسی ہے کہ اگر وہ تعلیم پر رقم خرچ کر دیں تو ان کے گھروں میں دوسرے وقت کھانے کے لئے چولہا نہیں جلتا۔ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ایسے بچوں کو تعلیم دلوانے کے لئے کوئی منصوبے بنائیں ۔(حمیرا محبوب ، آئی ایم سی جی ایف سیون فور اسلام آباد)