حافظ سعید کی اپیل پر ملک بھر میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جناز ہ
لاہور/ گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید کی اپیل پر ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد ڈاکٹر عبدالمنان وانی اور معراج بنگرو سمیت دیگر کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ لاہور سمیت گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، مظفر آباد، میرپور، ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، جہلم، شیخوپورہ، وہاڑی اور دیگر شہروں میں علماء کرام نے خطبات جمعہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور کشمیر سمیت ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ جامع مسجد القادسیہ چوبرجی لاہور میں امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ قبل ازیں خطبہ جمعہ کے دوران حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر میں ظلم و دہشت گردی کی انتہا کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر عبدالمنان وانی پی ایچ ڈی ڈاکٹر، سکالر کی شہادت دنیا کے لئے پیغام ہے۔ آج اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ میدانوں میں قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیری مسلمان وطن عزیز پاکستان کے لئے جانیں قربان کر رہے ہیں، پاکستانی حکمرانوں کو بھی چاہئے کہ وہ ان کی ہرممکن مدد و حمایت کریں۔ بیرونی قوتیں متحد ہو کر پاکستان پر دبائو بڑھا رہی ہیں تاکہ کشمیر پر بات نہ کی جا سکے‘ یہ بہت بڑی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی مددکرنا امت مسلمہ پر فرض ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ سیاسی و مذہبی جماعتیں اللہ کے قرآن پر اکٹھی ہو جائیں۔ ہماری سیاست بھی ایسے ہونی چاہئے جیسے نماز، روزہ ہے۔ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے لئے ضروری ہے کہ نبی اکرمؐ کی سیرت پر عمل کیا جائے۔