ضمنی الیکشن، قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی کے دو حلقوں کیلئے پولنگ کل ہوگی
اسلام آباد(نا مہ نگار ) ضمنی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلیوں کے دو حلقوں میں پولنگ (کل) اتوار کو ہوگی ، الیکشن کمیشن نے انتخاب کے لئے نتائج کے حصول اور سہولت کے لئے خصوصی مرکز قائم کر دیا ہے جس میں پولنگ کے روز دو شفٹوں میں کام ہو گا۔ 33امیدوار مقابلے کے لئے میدان میں اتریں گے ،8 لاکھ 58 ہزار 877 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے ،تینوں نشستیں تحریک انصاف کے امیدواروں کی جانب سے خالی کی گئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی ایک اور دو صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخاب ( کل) اتوار کو ہو گا ، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے247کراچی سے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی کامیاب ہو ئے تھے جبکہ انہوں نے صدر بننے کی وجہ سے یہ نشست چھوڑ دی تھی ، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111کراچی اور خیبر پختونخوااسمبلی کے حلقہ پی کے 71پشاور میں بھی ضمنی انتخاب (کل) اتوار کو ہو گا ،پی ایس 111 کراچی کی نشست عمران اسماعیل کے گورنر سندھ بننے کے باعث خالی ہوئی،جبکہ پی کے 71 پشاور کی نشست شاہ فرمان کے گورنر خیبرپختونخواہ بننے کے باعث خالی ہوئی۔