تحفظ ناموس رسالت قانون میں ترمیم کی گئی ملک گیر تحریک چلائینگے:ثروت قادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) سر براہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت قوم کو اعتماد میں لے‘ سینٹ میں جاری تحفظ ناموس رسالت قانون میں ترمیم پر ملک گیر حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔سنی تحریک کے زیر اہتمام ملک گیر یوم تحفظ ناموس رسالت ؐمنایا گیا ،مظاہرے،خطبات جمعہ میں295سی کے حق میں قرار دادیں منظورکی گئیں۔سپریم کورٹ ماتحت عدالتوں سے سزا پانے والی آسیہ معلونہ کی پھانسی پر فوری عمل درآمد یقینی بنائے،غیر ملکی ایجنڈا نافذ ہونے نہیں دیں گے جبکہ اس موقع پر محمد شا ہد غوری ، محمد شاداب رضا ،ڈاکٹر شاہدحسین ،محمد زاہد قادری ، ڈاکٹر عمران مصطفی ،انعام اللہ خان ،محمد علی جتک ،نور احمد قاسمی ،ضلع لاہور کے صدر علامہ شریف الدین قضافی ، علامہ غلام محی الدین ، قاری سیف اللہ نقشبندی، و دیگر رہنمائوں نے مختلف اجتماعا ت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں موجود اسلام دشمن لابی کی منفی سرگرمیاں ختم نا کی گئیں تو حکومت مخالف تحریک چلائیں گے ،دینی مدارس کا محاسبہ حکومت مہنگا پڑیگا۔حکومت نے اپنے ابتدائی سو دنوں میں ہی دینی جماعتوں ،مدارس اور شخصیات کو احتجاج کی راہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ملک کے قوانین میں یقینی طور پر اصلاحات کی ضرورت ہے مگر حکومت تحفظ تو ہین رسالت قانون کو غیر موچر بنانے کیلئے جو اقدامات اٹھانا چاہتی ہے اس کا خمیازہ حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔غیر ملکی ایجنڈا پاکستان پر مسلط کرنے کی حکومتی کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔