خانیوال میں اجرت مانگنے پر بااثر زمینداروں نے اپنے دو ملازمین کے سر، مونچھیں اور بھنویں مونڈ کر منہ کالا کردیا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لے لیا۔
پنجاب کے ضلع خانیوال کے نواحی علاقے بھاون شاہ کے زمیندار یوسف، محمد لعل اور ان کے نو مسلح ساتھیوں نے اپنے مزارعین الطاف حسین اور قسورحسین کو اجرت مانگنے پر تشدد کا نشانہ بنایا ۔ اس کے بعد ان سرکے بال، مونچھیں اور بھنویں مونڈ دیں۔ انہیں برہنہ کیا اور منہ کالا کرکے بازار میں گھمایا، جب علاقے کے لوگوں نے انہیں منع کیا تو ملزموں نے انہیں بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ملازموں کے والدین کی منت سماجت پر ان کو چھوڑا گیا ۔ تھانہ نواں شہر پولیس نے بارہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے واقعہ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی اوخانیوال وقارعباسی اورمتعلقہ ایس ایچ او کو بائیس اکتوبر کو طلب کرلیا ۔