وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ رشوت خوروں کو پکڑنے کے لئے ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے جو پندرہ روز میں کریک ڈاؤن شروع کر دے گی۔
رحمٰن ملک نے یہ بات ویمن پولیس سٹیشن اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں اور زیرحراست خواتین کے بچوں کے لئے ڈے کیئر سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کہی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ انہوں نے کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز اپنی وزارت سے کیا ہے اور کئی افسروں کو گرفتار کرایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے دیگر اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لئے ایف آئی اے کے انٹیلی جنس ونگز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ رشوت خوروں کے بارے میں معلومات دینے کے لئے ٹیلی فون نمبر بھی جلد جاری کئے جائیں گے۔ رحمٰن ملک نے بتایا کہ اسلام آباد کے ارد گرد کے علاقوں سے ایک سو پچاس سے زائد دہشت گرد گرفتار کئے گئے، جن میں چند خواتین بھی شامل ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ کراچی کی بھتہ گروپ کا تعلق ایم کیو ایم یا اے این پی سے نہیں بلکہ انہوں نے خود سے ہی علاقے تقسیم کرلئے ہیں، مقررہ علاقوں میں کوئی دوسرا گروپ بھتہ لیتا ہے تو قتل وغارت شروع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انسداد افواہ سازی شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت جلد سٹے باز افواہ سازوں کے چہرے بے نقاب کئے جائیں گے۔