کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا چیمپئن، بھارت کو اپنے ہی ملک میں مودی کے سامنے شکست

لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر )آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ریکارڈ چھٹی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ جیت لیا۔ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلاگیا جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر باﺅلنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکرآو¿ٹ ہوگئی۔ کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، سٹیڈیم میں بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل تھیں۔آسٹریلیا کےخلاف بھارت کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر شب من گل تو 4 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے لیکن کپتان روہت شرما نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر وہ 31 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 2 وکٹیں گرنے کے بعدآسٹریلوی بولرز پورے میچ میں بھارتی بیٹرز پر حاوی رہے اور انہیں کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے سنگل ڈبلز کرکے لمبی شراکت داری بنانے کی کوشش کی لیکن پھر کوہلی بھی 54 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے جبکہ راہول بھی 66 رنز پر پویلین لوٹے۔ سوریا کمار یادیو 18، رویندرا جدیجہ 9،محمد شامی نے6 رنز بنائے، شریاس آئیر نے4 رنز بنائے۔جسپریت بمرا نے ایک رن بنایا، کلدیپ یادیو 10 اور محمد سراج نے 9 رنز بنائے۔یوں بھارتی ٹیم مقررہ اوورزمیں 240 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوگئی۔ مچل سٹارک نے 3 ، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 2،2 جبکہ ایڈم زمپا اور گلین میکسویل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔آسٹریلیا نے 241رنز کا ہدف 43 اوورز میں 4 وکٹوںپرپورا کرلیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کا آغا زکیا۔ ڈیوڈ وارنر سولہ رنز کے مجموعی سکور پر سات رنز بناکر آﺅٹ ہوئے ۔ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش نے سکور کو 41رنز تک پہنچایا۔ مچل مارش15رنز بناکر چلتے بنے ۔ سٹیون سمتھ چار رنز تک محدود رہے ۔ ٹریوس ہیڈ اور مارنو س لابو شین نے اننگز کو سنبھالا ۔ٹریوس ہیڈ 137رنزبناکر آﺅٹ ہوے ۔ مارنوس لابوشین 58‘ گلین میکس ویل 2 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ٹریوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ جسپریت بمراہ نے دو جبکہ محمد شامی‘محمد سراج نے ایک ‘ایک وکٹ حاصل کی ۔ بھارتی ویرات کوہلی 765 رنز بنا کر مین آف دا ٹورنامنٹ قرار پائے۔ آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا سورج بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناکامی کے آنسوو¿ں کیساتھ غروب ہوگیا۔ میزبان ملک بھارت کا ورلڈ کپ کے دوران متنازعہ رویہ بھی اسے شکست سے نہ بچا سکا ،کینگروز نے فائنل میںپہنچنے بھارتی سورماو¿ںکو انہی کی سرزمین پررگید ڈالا۔ دوسری طرف بھارتی ٹیم ایک بار پھر آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں ناکام رہی۔آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کے ارمانوں پر پانی پھیر کر ورلڈکپ 2023 کا ٹائٹل آسٹریلیا کے نام کر وا دیا۔ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑی فائنل میں ہار کے بعد رو پڑے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں فائنل میں شکست کے بعد بھارتی باولر محمد سراج کو دیگر کھلاڑیوں کو روتے ہوئے دیکھا گیا۔ بھارت کپتان روہت شرما کے آنکھوں میں بھی بظاہر آنسو دکھائی دیے۔علاوہ ازیں فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت دنیائے کرکٹ کا نیا 'چوکر' بن گیا۔کرکٹ میں اگر لفظ 'چوکرز' پکارا جائے تو سب سے پہلے جنوبی افریقا کا نام آتا ہے ، کیونکہ وہ ہر بار آئی سی سی ایونٹس میں باہر ہوجاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس سال بھی سیمی فائنل میں شکست کھا کر ورلڈکپ کا فائنل نہیں کھیل سکی۔کھیل میں چوکرز کا مطلب یہ ہے کہ ایونٹ کی فیورٹ ٹیم غیر متوقع طور پر برا کھیل پیش کر کے شکست سے دوچار ہوتی ہے۔10 سالوں میں آئی سی سی ایونٹس میں کارکردگی دیکھیں تو جنوبی افریقا پرانا ہوگیا،بھارت دنیائے کرکٹ کا نیا چوکر بن گیا'۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آسٹریلوی ٹیم کو مبارکباد پیش کر دی۔