جامعہ کراچی اور انڈونیشیا کی یونیورسٹی آف سومیترا اُتارا کے درمیان مفاہمت
کراچی (نیوز رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور انڈونیشیا کی یونیورسٹی آف سومیترا اُتارا کے درمیان حال ہی میں ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی اور تدریسی تبادلے کی بنیادوں پر دو طرفہ تعلقات کو مزیدفروغ دینا ہے۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور یونیورسٹی آف سومیترا اُتارا کے ریکٹر ڈاکٹر مریانتو امین نے حال ہی منعقدہ ایک آن لائن اجلاس کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر گفتگو کے دوران پروفیسر اقبال چوہدری نے دو اداروں کے درمیان تعلیمی اور تدریسی تبادلے کی بنیادوں پر دو طرفہ تعلقات کو مزیدفروغ دینے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جو کیمیائی، حیاتیاتی اور بائیو میڈیکل سائینسز میں دنیا کا نمایاں تحقیقی ادارہ قرار دیا گیا ہے جہاں دنیا بھر سے ماہرین تحقیقی امور کی انجام دہی کے لئے آتے ہیں، یہ ادارہ تعلیمی تحقیق اور گریجویٹ اسٹوڈنٹس کی تربیت کے حوالے سے معروف ہے، اور اس کے علاوہ یہ صنعتوں اورحکومتی اداروں کو بھی تحقیقی و تجزیاتی خدمات فراہم کررہا ہے۔ ترجمان کے مطابق معاہدے کے تحت دونوںممالک کے ادارے ماہرین، اساتذہ، طلبہ و طالبات، پروجیکٹس اور تعلیمی پروگرام کا باہمی تبادلہ بھی کریں گے۔