لاہور:تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ہیں۔ اس کی تصدیق ان کے خاندانی ذرائع نے کی ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کے ذرائع کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی بخار میں مبتلا تھے۔ اطلاعات کے مطابق طبعیت خراب ہونے پر علامہ خادم حسین رضوی کو شیخ زاید اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
علامہ خادم حسین رضوی کی میت اسپتال سے گھر منتقل کردی گئی ہے۔ مرحوم کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں ٹی ایل پی کے کارکنان اوران کے عقیدت مند جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
علامہ خادم حسین رضوی صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ حافظ قران تھے۔
انھیں عربی اور اردو کے علاوہ فارسی زبان پر بھی عبور تھا۔ عرصہ قبل ان کا ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ چل نہیں سکتے تھے۔
علامہ خادم حسین رضوی 22 جون 1966 کو ضلع اٹک میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد کا نام حاجی لعل خان تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم جہلم سے حاصل کی تھی جس کے بعد انہوں نے درس نظامی مکمل کیا تھا۔